(24 نیوز) 25 مارچ 1992 کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک خوشیوں سے بھرا دن ثابت ہوا، آج پاکستان کو کرکٹ ورلڈکپ جیتے 29 برس بیت گئے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔ پاکستانی عوام آج بھی ان یادگاروں لمحوں کو یاد کرکے بھرپور خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ 1992کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کے مایہ ناز بالر وسیم اکرم نے بھی خوب مخالف بلے بازوں کی کلیاں اڑائیں۔اس ٹورنامنٹ کے دوران جاوید میانداد 437 رنز اور وسیم اکرم 18 وکٹیں لے کر اس کپ کے ہیرو رہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا میں پاکستان کو ابتدائی 5 میچز میں سے صرف 1 میں فتح ملی، اس کے بعد پاکستان ٹیم فتوحات کے ایسے ٹریک پر چڑھی کہ کوئی نہ اتار سکا ۔ پاکستان آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔سیمی فائنل میں شاہینوں کا نیوزی لینڈ کی مضبوط ٹیم سے ٹاکرا ہوا،کیویز نے 262 رنز بنائے، پاکستان نے جاوید میانداد کی ذمےدارانہ اور انضمام الحق کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔جس کے بعد عظیم کپتان عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئےفائنل میں فیورٹ انگلینڈ کو بھی پچھاڑدیا اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجالیا۔