(24نیوز)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہےکہ نیب پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ ہے کہ اپنا وقت احتساب عدالتوں میں دائر ریفرنسز پر خرچ کریں۔
چیئرمین نیب کی سربراہی میں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا ۔جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے اجلاس میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان اور سابق سٹی ناظم کوئٹہ مقبول احمد لہڑی سمیت 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی۔اجلاس سے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ کسی دباؤ اور دھمکی کی پرواہ کیے بغیر نیب آئین و قانون کے مطابق فرائض ادا کرتا رہے گالہٰذا نیب پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ ہے کہ اپنا وقت احتساب عدالتوں میں دائر ریفرنسز پر خرچ کریں۔
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نیب کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حال ہی میں لیگی نائب صدر مریم نواز کو نیب لاہور نے 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔ پی ڈی ایم جماعتوں نے مریم نواز سے اظہار یکجہتی کیلئے 26 مارچ کو ساتھ جانے کا اعلان کررکھا ہے۔ دوسری جانب نیب لاہور آفس کو ریڈ زون قرار دیتے ہوئے سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ رینجرز کے جوان بھی خصوصی طور پر نیب آفس تعینات کئے گئے ہیں۔