دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے،خطے میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ،عارف علوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آج ایک ایٹمی قوت ہے، ہماری دلیر اور بہادر افواج ہماری خداری اور غیرت کی عکاس ہیں، دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، خطے میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد کی پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو یوم پاکستان مبارک ہو، دوست ممالک اور دیگر شرکا کا بھی شکر گزار ہوں، عظیم الشان پریڈ کے انعقاد پر قوم افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہے، یوم پاکستان مسلمانان ہند کے ایک الگ تشخص کا دن ہے، قرارداد پاکستان میں ہندوستان کے مسلمانوں کی منزل کا تعین کیا گیا تھا، علامہ اقبال کی فکر اور قائداعظم کی جدوجہد کے نتیجے میں 7 سال میں خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان آج ایک ایٹمی قوت ہے، ہماری دلیر اور بہادر افواج ہماری خداری اور غیرت کی عکاس ہیں، پاک فوج نے آپریشن رد الفساد میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابود کیا، افواج پاکستان نے ہر مشکل میں وطن عزیز کی حفاظت کی، دشمن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔عارف علوی نے کہا کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے، دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کی آواز بلند کرتے رہیں گے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، ہم دفاعی صلاحیت میں خود مختاری حاصل کرچکے، اپنی آزادی کاہرقیمت پر دفاع کریں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو ترک کر دے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو کورونا وبا کا سامنا ہے، ہم نے کم وسائل کے باوجود کورونا وبا کا سامنا کیا، بہت جلد کورونا وبا پر قابو پالیں گے، لیکن احتیاط لازم ہے، ہمیں زندہ قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔