مریم کی پیشی۔۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائشگاہ پر حکومتی میڈیا ٹیم سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو ملکی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہے، ملک بھر میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، کورونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عظیم فلاحی ریاست کی جانب کامیابی سے گامزن ہے، حکومتی ٹیم پوری توجہ احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کے احساس پر لگائے۔ رمضان کی آمد سے قبل ریلیف کی اقدامات مکمل کریں، رمضان پیکج مستحق افراد تک ہر صورت پہنچنا چاہئے، ہیلتھ کارڈز کا اجراءبھی جلد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کو ہاﺅسنگ، ڈیمز، اور ادارہ جاتی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک کیلئے کام کرنا ہے، ذاتیات سے بالاتر ہو کر سوچیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں وزیراطلاعات شبلی فراز، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور یوسف بیگ مرزا شامل تھے، جب کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے اہم حکومتی امور پر اجلاس کے شرکاءکو ہدایات دیں۔
خیال رہے کہ نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کے لئے حکومت نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: