وزیراعظم کیلئے بڑی خبر، ناراض رکن اسمبلی کا تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان

Mar 25, 2022 | 18:33:PM
وزیراعظم عمران خان، بڑی کامیابی، ناراض رکن اسمبلی، تحریک عدم اعتماد، حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان
کیپشن: وزیراعظم عمران خان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان کو بڑی کامیابی مل گئی، ناراض رکن قومی اسمبلی احمدحسین ڈیہڑ نے تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احمد حسین ڈیہڑ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نے آج تحریک انصاف کے رکن کی حیثیت سے اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔ میرے پانچ مطالبات ہیں اور سارے غریبوں سے متعلق ہیں لہٰذا عمران خان سے اپیل ہے میرے مطالبات تسلیم کریں۔
احمد حسین ڈیہڑ کا کہنا تھا کہ مجھ پر جس نے پیسے لینے کا الزام لگایا اس پر ہتک عزت کا کیس کروں گا،میں بہت دکھی ہوں میرے گھر پر حملہ کرایاگیااور میرے بچوں کے بارے میں باتیں کی گئیں ،انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ساتھ ہوں،میرے 5 مطالبات ہیں جو وزیراعظم کو بتا چکا ہوں ،انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ تک آپ کو وقت دیتا ہوں، وزیراعظم سے اس وقت ملوں گاجب میرے مطالبات پورے ہوں گے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے احمد حسین دیہڑسے سوال کیا کہ آپ کے تحفظات ختم ہوگئے؟ اس پر احمد حسین دیہڑنے کہا کہ ابھی بات ہو رہی ہے ، وزیراعظم سے ملاقات ہو رہی ہے انشااللہ۔
صحافی نے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کاساتھ دیں گے یااپوزیشن کا؟ اس پر احمد حسین دیہڑنے کہا کہ میں انشااللہ تعالی حکومت کے ساتھ ہوں، میرے کچھ مسائل ہیں جو وہ حل کریں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ عدم اعتماد میں وزیراعظم کو ووٹ دے رہے ہیں؟ اس پر احمد حسین نے کہا کہ بھائی میری کچھ شرائط ہیں وہ پوری کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 27 مارچ کا جلسہ۔۔ترین گروپ نے بڑا اعلان کردیا