کوئی بھی شخص’’ آٹامرکز ‘‘سے خالی ہاتھ واپس نہ جائے، وزیر اعظم کی سخت ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )حکومت کی جانب سے پنجاب ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں مستحق افراد میں مفت آٹے کی تقسیم کا عمل جاری ہے، جس کیلئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ کوئی بھی مستحق شخص مفت آٹے مرکز سے خالی ہاتھ واپس نہیں جانا چاہیے۔
تفصیلات کےمطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مفت آٹے کی فراہمی پر جائزہ اجلاس آج منعقد ہوا، اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ مفت آٹا سکیم پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں جاری ہے جس سے اہل خاندانوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے،اسلام آباد میں مفت آٹے کے حصول کو بہتر بنانے کے لیے مفت آٹا مراکز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے.
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ , وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب, مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ, سابق اراکین قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری, انجم عقیل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.
وزیراعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اہل افراد جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں اور اس وجہ سے مفت آٹا حاصل نہیں کر پا رہے انکی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے،آٹا تقسیم مراکز پر نادرا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام رجسٹریشن کیلئے اپنے کاونٹرز فوری قائم کریں،رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ، مفت آٹے کے معیار میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے، مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں بہتری لانے کے لیے خود شہروں کا دورہ کر رہا ہوں، لاہور , قصور اور سرگودھا کے بعد دیگر شہروں میں آٹے کی فراہمی اور معیار کا جائزہ لونگا ۔