بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا اہم اقدام

سمندر پار پاکستانیوں کے لئے خوشخبری

Mar 25, 2024 | 12:14:PM

(24 نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی۔

تفصیلات کے مطابقجن سمندر پار پاکستانیوں کو خیبر پختونخوا سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں اب وہ اس آن لائن سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں,خیبر پختونخوا سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنا والا پہلا صوبہ بن گیا۔

ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کردیا جائیگا, تجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔ 

اس سلسلے میں ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے, مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز کی طرف سے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اہم اقدام کو بے حد سراہا گیا ہے, پاکستانی سفارتی مشنز نے دوسرے صوبوں پر بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اس سہولت کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:ہولی کا تہوار دلوں کو جوڑنے کاایک شاندار موقع ہے :محسن نقوی

اس ضمن میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، خیبر پختونخوا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے,بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، خیبر پختونخوا حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے صوبائی حکومت سے جڑے مسائل حل کرنے اور انہیں درکار تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

مزیدخبریں