(24 نیوز )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیر اعظم نواز شریف فیصل آباد میں دھاتی ڈور سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کے گھر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مرحوم آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی،محمد نواز شریف کا آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار،وزیر اعلیٰ مریم نواز مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی، مرحوم کی والدہ نے مریم نواز کو بتایا کہ آصف کی شادی کرنی تھی ،وزیر اعلیٰ دوران ملاقات ان کا ہاتھ تھام کر تسلی تشفی دیتی رہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد محمد نواز شریف نے سوگوار خاندان کو دلاسہ بھی دیا ،انہوں نے کہا کہ سب ملکر اس جرم کو روکیں،خوفناک وڈیو دیکھی نہیں جاتی، مرحوم نوجوان کے بھائی اور والد نے التجا کی کہ ہمارا آصف چلا گیا، کسی اور کا آصف نہ جائے۔
مریم نواز کا سوگوار خاندان سے ملاقات کے بعد کہنا تھا کہ ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں،آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے، پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے،والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں، وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھادھاتی تار بنانے، بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے بتایا کہ ڈور منگوانے ، بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں، کے پی کے سے پانڈا ڈور کے ذریعے سپلائی کی جا رہی تھی ، سوگوار خاندان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات کے دواران سینئر وزیر مریم اورنگزیب ,پرویز رشید ، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب بھی ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بحریہ نے انسان دوستی کی مثال قائم کر دی