وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور کے عوامی پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنیکا فیصلہ

Mar 25, 2024 | 22:01:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور کے عوامی پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت پشاور کی بیوٹیفیکیشن سے متعلق اجلاس ہوا، صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پشاور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف امور پر غور و خوص کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شیر افضل مروت کی نیاز اللہ نیازی سے بدتمیزی، کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیر اعلیٰ نے شہریوں کی سہولت کے لئے ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر سروس شروع کرنے اور پشاور کے پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں جملہ معاملات کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لئے پیش کرنے، شہر کی تزین و آرائش کے لئے پی ڈی اے کو مفصل پلان تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

اجلاس  میں عوام کی سہولت کے لئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے دیگر شہروں میں شروع کیا جائے، شہر کی تزین و آرائش کے لئے ایسے اقدامات تجویز  کئے جائیں جو پائیدار ہوں، سڑکوں کے اطراف لگے کھمبوں پر خوبصورت گملے نصب کرکے ان میں مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں، اور ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار کیے جائیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ان نقش و نگاروں میں صوبے کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے، اس مقصد کے لئے نجی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں، پشاور میں سٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے پر کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو وہاں اوور ہیڈ پلوں کی بجائے انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں، ورسک روڈ تا ناصر باغ رنگ روڈ کے باقی ماندہ پورشن کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کا آغاز کیا جائے۔