خیبرپختونخوا:میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل

Mar 25, 2025 | 19:00:PM
خیبرپختونخوا:میٹرک امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل
کیپشن: تصویر، فائل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک رحمان)صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر میٹرک امتحان شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل، امتحانی ہالوں کے باہر سادہ کپڑوں میں انٹیلی جنس بیورو اور اسپیشل برانچ کے اہلکار تعینات ہوں گے جوکہ نقل کے حوالے سے مشکوک سرگرمیوں کی فوری رپورٹ کریں گے۔

محکمہ تعلیم حکام کے ساتھ مرد اسسٹنٹ کمشنرز لڑکوں کے امتحانی ہال اور خواتین اسسٹنٹ کمشنرز لڑکیوں کے امتحانی ہالوں کے اچانک دورے کریں گے، مشکوک امتحانی ہالوں میں نقل کی روک تھام کے لیے بھی الگ حکمت عملی طے کر لی گئی جبکہ نقل میں معاونت کرنے والے عملے کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امتحان کے دوران طلبہ کو پرسکون ماحول کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا اور اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام کے امتحانی ہالوں کے اچانک دوروں کے دوران بارودی اہلکاروں کی امتحانی ہالوں میں داخلہ پر پابندی عائد کی گئی تاکہ طلبہ میں خوف و ہراس نہ پھیلے اور سکون کے ساتھ امتحان میں شریک ہوسکیں۔اس کے علاوہ اچھی شہرت کے حامل امتحانی عملے کی تعیناتی کے لیے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں، اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ نصراللہ خان، ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم اور پشاور، چارسدہ، چترال، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے پرائیویٹ سکولوں کے منتظمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں میٹرک کے امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا اور نقل مافیا کی بھرپور حوصلہ شکنی اور مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے شرکاء پر زور دیا کہ طلبہ میں نقل کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مافیا کی جانب سے نقل کی روایت کو ختم کرنے کے لیے مشترکہ جدوجھد یقینی بنائی جائے اور قابل اور محنتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ نقل کے رجحان کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

میٹرک کے امتحان میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور پرائیویٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی حکام پر مشتمل اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بانی پی ٹی آئی جن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا:اعظم سواتی