(آزاد انور نہڑیو)سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کی تفتیش کو موثر بنانے کے لیے سندھ پولیس میں 2 ہزار اے ایس آئی انویسٹی گیشن بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی صدارت میں سروس اسٹرکچر کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری سروسز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ پولیس فورس کی تفتیشی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے 2 ہزار اے ایس آئی انویسٹیگیشن بھرتی کیے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا اقدام پولیس کی تحقیقاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہے، پولیس کی انویسٹی گیشن برانچ کو بہتر بنا کر جرائم پر قابو پایا جائے گا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس میں ASI انویسٹی گیشن کی بھرتی سے تفتیش کے معیار میں بہتری آئے گی، بہتر تفتیش سے انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفت ممکن ہوگی۔
اجلاس میں کراچی پولیس کے 1038 پوسٹس کو نان انویسٹیگیشن سے انویسٹیگیشن یونٹس میں منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس میں 2 ایس پیز، 17 ڈی ایس پیز، 114 انسپکٹرز، 308 سب انسپکٹرز اور 587 کانسٹیبلز کو نان انویسٹی گیشن یونٹس سے کراچی رینج کے انویسٹی گیشن یونٹس میں منتقل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :جیل میں کچھ ملاقاتیں اوپر سے کرائی جارہی ہیں، سلمان اکرم راجہ