خیبرپختونخوا میں متعدد انٹیلی جنس آپریشن، ڈی آئی خان میں ایک دہشتگرد مارا گیا

Mar 25, 2025 | 23:08:PM

؂(ساجد بلوچ)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر کے دہشت گردوں پرکاری ضرب لگانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تسلسل میں کوہاٹ ریجن کے علاقے بکولہ بدینے کے دشوار گزار پہاڑوں میں انتہائی خطرناک اور بدنام زمانہ کلیم اللہ گروپ سمیت دیگر دہشت گرد دھڑوں کے خلاف ایک جائنٹ آپریشن شروع کیا گیا جس میں کرک کی ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی نے حصہ لیا۔

آپریشن ریجنل پولیس افیسر کوہاٹ عباس مجید مروت کی نگرانی میں ضلعی پولیس آفیسر کرک شہباز الٰہی نے بذات خود کمانڈ کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بہادر خیل کے علاقے میں بکولہ بدینے کی پہاڑیوں میں دہشت گردوں کی کئی مضبوط پناگاہوں کو نشانہ بنایا اور کئی اہم مورچے تباہ کر دیئے جنہں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کرتے تھے۔

اس جامع آپریشن میں سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس کے کمانڈوز سمیت 15 سکوارڈ اور پولیس موبائلز اور بکتر بند گاڑیوں نے بھی حصہ لیا جبکہ علاقے کی نگرانی کے لیے جدید ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔

آپریشن کے نتیجے میں انار بانڈہ، تنگی ڈاگ، نیکی پل اور سم بانڈا میں کئی اہم مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کی گئیں اور مشکوک افراد کی جانچ پڑتال کے علاوہ علاقے میں امن و امان کو بھی یقینی بنایا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخواہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ان کا ہر پہاڑی ہر درے تک پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشنز دہشت گردوں کے لیے دو ٹوک پیغام ہیں کہ خیبر پختونخواہ پولیس دہشت گردی کی بیخ کنی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

دریں اثنا ڈی آئی خان میں تھانہ صدر کی حدود رتہ کلاچی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ کاروائی کے دوران مشکوک افراد نے فائرنگ شروع کر دی، ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں :ڈرائیور کی ملی بھگت سے بنک کیش وین لوٹنے والے 4 ملزمان گرفتار 

مزیدخبریں