9 مئی واقعات سے عوام رنجیدہ، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتا ہوں:وزیرِ اعظم

May 25, 2023 | 12:16:PM

 (24نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے  کہا کہ شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو بہت نقصان پہنچایا، 100 سال سے زائد کی ریکارڈنگز اور آرکائیو جلا دیئے گئے، ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتا ہوں، فنڈز 48 گھنٹوں میں فراہم کر دیئے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے  ریڈیو پاکستان پشاور کے ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا کرنے کا اعلان کر دیا،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپریل اور مئی کی تنخواہیں فی الفور ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں، 48 گھنٹوں میں وزارت اطلاعات کے ذریعے مئی کی تنخواہ مل جائے گی،انہوں نے کہا کہ اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں، ریڈیو پاکستان پشاور نے ہی مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا،  نو اور دس مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثے اور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں، یہاں جلا دیا گیا،100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دیا گیا، جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے ان میں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، آج عہد کرتے ہیں کہ آئندہ ایسی جرات کوئی نہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں:  پی ٹی آئی کی 2 بڑی وکٹیں گر گئیں

تقریب میں وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی اور نگراں وزیرِ اعلی کے پی محمد اعظم خان بھی موجود تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور وزیراعلیٰ اعظم خان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

مزیدخبریں