الخدمت فاؤنڈیشن کا "اسموگ فری لاہور" مہم کے تحت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی"اسموگ فری لاہور"مہم کے تحت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے بڑے منصوبے کا آغاز کردیا گیا، 3 ہزار رضا کاروں نے 7 ایکڑ اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر "اربن فارسٹ مہم"کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے"اسموگ فری لاہور" مہم کے تحت شہر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے سلسلے میں پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ایئرپورٹ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 3 ہزار رضاکاروں نے 7 ایکٹر اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر 'اربن فارسٹ' کاآغاز کر دیا۔مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔
پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، پراجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور عبداللہ نثار چیمہ، الخدمت لاہور کے نائب صدر چودھری سلیم، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
مہم کا افتتاح الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر الخدمت کے رضاکاروں نے 10 منٹ میں 15 ہزار پودے لگا کر منفرد ریکارڈ قائم کیا۔پروگرام میں خاص طور پر الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے با ہمت بچوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مرحوم والد کے نام کے پودے لگائے۔اِس کے ساتھ ساتھ شرکاء نے بھی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پیاروں کے ناموں کے پودے لگائے جن میں ارجن، پلکن، سکھ چین، نیم، جامن، مولسری اور املتاس کے پودے شامل ہیں۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے اور اسموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اِسی تناظر میں ملک بھر میں پودے لگانے کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اس کے نوجوان ہیں، اگر اِن نوجوانوں کو رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے تو یہ نوجوان اِس ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی جانب سے لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کا ذمہ پی ایچ اے نے لیا ہے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور" مل کر پاکستان" نوجوانوں اور عام افراد میں آگاہی کے حوالے سے مہم چلائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اِس نیک کام میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات سمیت "اسموگ فری لاہور" مہم جیسی کاوشیں قابل تحسین ہیں,ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج کا سامنا ہے,زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اِس کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہاسموگ فری لاہور مہم کےلیے 5 سال تک ہر سال 90 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جس کے پی ایچ اے الخدمت فاؤنڈیشن سمیت شہر بھر میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے تاکہ لاہور کی آب و ہوا کو صاف ستھرا اور صحت افزاء بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ لاہور پر 7 ایکڑ اراضی پر اربن فاریسٹ بنایا گیا ہے۔ اس طرز کے فاریسٹ شہر کی مزید سائیٹس پر بھی بنائے جائیں گےانہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔
کشف شاہ نےکہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے"اسموگ فری لاہور" مہم خوش آئند ہے, انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بڑا قدم اٹھایا ہے, امید کرتے ہیں کہ اس مہم کے مثبت اثرات کچھ عرصے میں دیکھنے کو ملیں گے۔
صنان اکبر نے کہا کہ الخدمت یہ مہم مختلف کالجز یونیوسرٹیز میں لے کر جائے گی، جہاں اربن فارسٹ سمیت اپنے قرب و جوار میں پودے اور درخت لگانے کی نا صرف ترغیب دی جائے گی بلکہ پودوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس کار خیر کےلیے سنجیدہ ہو کر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اپنی آئندہ نسل کو صحت مند ماحول مہیا کر سکیں۔