(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد سمگلنگ کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں آرمی چیف نےخصوصی شرکت کی ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کو اہم بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سمگلنگ میں کمی لانے کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے،ہمیں آپ لوگوں پر فخر ہے کہ آپ کٹھن حالات اور چیلنجوں کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،سمگلنگ کے خلاف جنگ میں کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آپ کی کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپےکا فائدہ ہو رہاہے، سمگلنگ کے خلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی،وزیراعظم نے سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی،اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی،اجلاس میں وفاقی وزیر احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شامل تھے ، آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا اور بلوچستان،ڈی جی رینجرز پنجاب اور سندھ موجود تھے ، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایس آئی ایف سی کی کامیابی نے ناقدین کے منہ بند کردیئے،امارات سے بھی 10ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے، وزیراعظم