(24نیوز)سوشل میڈیا پر شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی علیحدگی سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر متعدد پیجز پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے شادی کے 4 سال بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرحان سعید اور عروہ حسین کی علیحدگی سے متعلق خبر سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل رہی ہے اور ان کے مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے کہ آیا اس خبر میں کوئی صداقت ہے یا نہیں۔اداکار جوڑی کے مداحوں کو بس اب ان کے حتمی بیان کا انتظار ہے کیونکہ وہ اس بات پر یقین کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 2016 میں اداکارہ عروہ حسین حسین کو گلوکار فرحان سعید نے پیرس میں پرپوز کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بادشاہی مسجد میں نکاح کیا تھا۔فرحان اور عروہ حسین کی شادی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہی تھی اور ان کی جوڑی شوبز کی مقبول ترین جوڑیوں میں سے ایک ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال شوبز کی مقبول ترین جوڑی سائرہ اور شہروز، آمنہ شیخ اور محب مرزا کے درمیان بھی علیحدگی ہو چکی ہے۔