(24نیوز) مریم اورنگزیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عدم رہائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غم کے اس موقع پر بھی سیاست کر کے اپنی کم ظرفی کا نیا ریکارڈ قائم کرچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انتہائی افسوسناک اور قابل شرم حرکت ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اب تک رہا نہیں کیا گیا، ایک عمومی قانونی کارروائی کو دانستہ پیچیدگیوں اور سست روی کا شکار کیا گیا ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی رہائی کو مرحومہ کے جسد خاکی کے پہنچنے سے جوڑنا بے حسی اور چھوٹے پن کی انتہا ہے۔
یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی والدہ مرحومہ کا جسد خاکی کل لندن سے پاکستان روانہ کیا جائے گا، مرحومہ کا جسد خاکی ہفتے کی صبح لاہور پہنچے گا، مرحومہ بیگم شمیم اختر کی تجہیز وتکفین کیلئے انتظامات شروع کر دئیے گئے۔