تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشی روکنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ بڑے مگر مچھوں کو ٹارگٹ کرنے کے ساتھ تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشی میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی کے زیر صدارت لاہور میں جرائم کنٹرول اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشی کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لاتے ہوئے ملزمان کو پابند سلاسل کیا جائے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کے ساتھ وہاں ڈولفن اور پیرو کے پٹرولنگ پلان کو مزید موثر بنایا جائے۔ کرائم پاکٹس میں پیک ٹائم کے دوران سرکل افسران خود فیلڈ میں نکل کر پٹرولنگ پلان اور صورتحال کی مانیٹرنگ کریں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کیلئے کمپیوٹرائزڈ روڈ سائن ٹیسٹ کو جاری رکھتے ہوئے مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ ٹریفک کے بلاتعطل اور ہموار بہائوکو برقرار رکھنے کیلئے افرادی قوت کے بہترین استعمال اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ زیادہ رش والی جگہوں پر ٹریفک وارڈنز ہائی الرٹ ہو کر فرائص سرانجام دیں جبکہ سی ٹی او خود بھی فیلڈ میں نکل کر انسپکشن کریں۔
انعام غنی نے مزید کہا کہ مرکزی شاہراہوں اور چوکوں سے بھکاری مافیا کے خاتمے کیلئے کریک ڈائون میں مزید تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کئے اور کہا کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاری مرد اور خواتین کے خلاف بطور خاص کارروائی کی جائے۔