(ویب ڈیسک)کورونا انفیکشن کی رفتار میں کمی کے بعد اب بھارت کئی ریاستوں سے انفیکشن کے کیسز بڑھنے کی خبر سامنے آرہی ہے ۔ کرناٹک کے ایس ڈی ایم میڈیکل کالج میں کورونا دھماکہ ہوا ہے ،300 طلبہ کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے66 طلبہ کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ ایک ساتھ اتنے لوگوں کے متاثر ہونے کی خبر ملتے ہی کالج انتظامیہ میں افراتفری مچ گئی ۔
بھارت کے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کالج انتظامیہ کی طرف سے فورا ایکشن لیتے ہوئے دو ہسپتال کو پوری طرح سے سیل کردیا گیا ہے ۔ کرناٹک کے ایس ڈی ایم کالج میں تقریبا 400 طلبہ پڑھائی کرتے ہیں ۔ بتایا جارہا ہے کہ جتنے بھی طلبہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ، وہ فرسٹ ایئر کے طلبہ ہیں ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ کالج میں جب کچھ طلبہ کورونا وائرس کی زد میں آئے تو اس کے بعد انتظامیہ نے سبھی طلبہ کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ۔ ابھی تک کل 300 طلبہ کو ٹیسٹ ہوچکا ہے ، جس میں 66 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں ۔ ابھی بھی تقریبا 100 لوگوں کا کورونا ٹیسٹ باقی ہے ۔ ان لوگوں کا ٹیسٹ ہونے کے بعد ہوسکتا ہے کہ متاثرین افراد کی تعداد بھی بڑھ جائے ۔رپورٹ کےمطابق بھارت میں گزشتہ کچھ مہینوں میں کورونا انفیکشن کی رفتار کم ہوئی ہے وہیں اب نومبر کے مہینے میں کئی ریاستوں میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ اس سے پہلے راجستھان کے ادھے پور کے ایک سکول میں گیارہ طلبہ کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر سامنے آئی تھی ۔اس کے علاوہ کچھ دنوں پہلے تلنگانہ کے ایک سکول میں 28 طالبات کورونا سے متاثر پائی گئی تھیں ۔ اس وقت اسکولوں میں کورونا انفیکشن کے معاملات سب سے زیادہ سامنے آرہے ہیں ۔ اوڈیشہ میں بھی کورونا کے معاملات تیزی سے بڑھے ہیں ۔ یہاں 53 سکول طلبہ جبکہ 22 میڈیکل کالج کے طلبہ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: ’’تم کل بچ گئے‘‘۔۔ گوتم گمبھیر کو جان سےمارنے کی ای میل موصول