(24نیوز) گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ضروری ہیں مگر حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات پر سب ہی جماعتوں کے تحفظات ہیں۔
حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میں تمام پارٹیوں کا گورنر ہوں اور سب جماعتوں کو بلدیاتی انتخابات پر تحفظات ہیں، ایم کیو ایم نے پوائنٹ اٹھایا کہ حلقہ بندیوں کے معاملہ کو حل کیا جائے، اسی طرح باقی جماعتوں نے بھی تحفظات رکھے، اس پر سندھ حکومت کو جواب دینا ہے۔
بلدیاتی انتخابات ضرور ہونے چاہیئں کیونکہ یہ ایک ضرورت ہے مگر میری جماعت کا مطالبہ رہا ہے کہ بلدیاتی نظام مضبوط ہونا چاہئے، مردم شماری پر بات کرتے رہے ہیں، الیکشن میں سب سے بڑی رکاوٹ حلقہ بندیاں ہیں۔
گورنر سندھ نے حیدرآباد میں فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد میں حصہ لینے والوں اور ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، گراؤنڈ بنانا ہماری پارٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کے لئے 100 ایکڑ زمین مختص ہوگئی ہے اور لینڈ یوٹیلائزیشن ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ کارروائی آخری مراحل میں ہے۔ وعدہ کرتا ہوں آئندہ چند مہینوں میں اکبری گراؤنڈ واقعی اسپورٹس گراؤنڈ نظر آئے گا۔
ایک سوال کے جواب میں کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ایک سینیر موسٹ جنرل کو چیف بنایا گیا، ہماری خوش نصیبی ہے کہ حافظ قرآن آرمی چیف ملے ہیں،معاشی صورت حال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی میں سب کو مل جل کر کردار ادا کرنا ہوگا، شرپسند عناصر کو اب گھر جانا ہوگا، ہمیشہ کہا کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اسی پر توجہ دینی چاہئے۔