نگران وزیراعلیٰ کا لاہور میں رات گئے داتا دربار آئی ہسپتال کا دورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(دور نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے کابینہ کے ہمراہ لاہور رات گئے داتا دربار آئی ہسپتال کا دورہ کیا۔ رات کی شفٹ موجود نہ ہونے پر نگران وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایم ایس نہ ڈاکٹرز، گیٹ پر گارڈ غائب جبکہ نرسیں سورہی تھیں۔ وزیراعلیٰ گائنی وارڈ، آئی وارڈ میں گئے وہاں گندی بیڈ شیٹس اور ناقص صفائی دیکھتے ہوئے ایم ایس کوعہدے سےہٹا دیا۔
اہل علاقہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی آمد کے بعد ہسپتال پہنچ گئے۔ اہل علاقہ نےعدم سہولیات، ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کی شکایات کے انبار لگا دئیے۔
وزیراعلیٰ نے فوری ہسپتال کا انتظام محکمہ پرائمری ہیلتھ کے سپرد کرنے کا حکم دیا جبکہ موقع پر ہی سیکرٹری صحت کو فون کر کے ہسپتال کا انتظام سنبھالنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز، نرسز، سٹاف کے حاضری رجسٹر فوری منگوا کر سب کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا۔ حاضری رجسٹر میں سب حاضر مگر ہسپتال خالی اور مریض اللہ کے حوالے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کا کنٹریکٹ ختم کرنے کا حکم دے دیا ساتھ ہی حاضری رجسٹرڈ وزیر اوقاف اظفر علی ناصر کے حوالے کر کے انکوائری کا حکم دیا۔
ممزید پڑھیں: تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتہائی ابتر حالت میں ہے، حالت زار دیکھ کر افسوس ہوا۔ اُنہوں نے فوری سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو بلا کر ہسپتال کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں۔
صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر،ابراہیم حسن مراد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔