(24نیوز) سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے اپنا میلبورن کا گھر فروخت کیلئے پیش کردیا۔
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنا میلبورن کا پرآسائش گھر فروخت کیلئے پیش کردیا ہے۔ یہ خوبصورت گھر 9 برس سے وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا کی ملکیت تھا، شروع میں وہ خود اس میں رہتے تھے مگر گزشتہ 2 برس سے اسے کرائے پر دیا تھا، اب 3 بیڈ روم والے اس گھر کو آکشن کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔
سابق کپتان کی اہلیہ شنیرا کہتی ہیں کہ پراپرٹی کی لوکیشن زبردست ہے اور نئے مالکان اس سے لطف اندوز ہوں گے۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت رہے کہ ہمیں آس پاس زبردست کمیونٹی میسر آئی، اسکول بھی بہترین ہیں۔
یاد رہے کہ اس گھر کی قیمت 1.9 ملین ڈالر کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی مقیم افراد کی بے دخلی، سپریم کورٹ میں درخواست سماعت کیلئے مقرر
واضح رہے کہ وسیم اکرم کی پہلی شادی ہما مفتی سے 1995 میں لاہور میں ہوئی تھی، 1996 میں دونوں کے یہاں بیٹا تیمور اور 2000 میں ان کے یہاں دوسرے بیٹا اکبر کی پیدائش ہوئی جبکہ 2009 میں ہما اچانک بیمار ہونے کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔ جس کے بعد لیجنڈ کرکٹر نے سال 2013 میں آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی عائلہ ہے۔