اداکار علی ظفر اور براک ڈینیز نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر اور ترکیہ کے اداکار براک ڈینز کی متحدہ عرب امارات میں منعقد ڈیفا ایوارڈز میں ملاقات کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔
حال ہی میں دبئی میں ’ڈسٹنکٹو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈز (ڈیفا ایوارڈز) ' کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عرب فنکاروں سمیت،دنیا بھر کی معروف شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ جہاں ڈیفا ایوارڈز میں فنکاروں کو انکی صلاحیتوں پر مختلف اعزازات سے نوازا گیا وہیں علی ظفر بھی بہترین پاکستانی گلوکار کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
فن کی پذیرائی کرتی اس تقریبِ اسناد میں علی ظفر کے ساتھ بھارتی اداکارہ جیکولین فرنانڈس، نرگس فخری اور ادیتی راؤ حیدری بھی اپنے حسن کے جلوے بکھیرتی نظر آئیں جبکہ پاکستانی عوام کی تمام تر توجہ ترکش اداکار براک ڈینیز پر ہی مرکوز رہی۔
سال 2016 میں نشر ہونے والا ترکش ڈراما 'اسک لفتن انلامز' میں براک ڈینیز بطور 'مرات' جبکہ ترکیہ کی حسین اداکارہ ہینڈے بطور 'حیات' کاسٹ کیے گئے تھے اور ان دونوں کی جوڑی کو دنیا بھر میں پسند کیا گیا تھا۔ تاہم پاکستان میں تو ناظرین ان دونوں فنکاروں کی محبت میں اس قدر مبتلا ہوگئے تھے کہ آج تک وہ محبت اپنی جگہ موجود ہے۔
علی ظفر نے گزشتہ روز ڈیفا کی تصاویر جاری کیں جن میں ایک تصویر میں ان کو براک ڈینیز کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے اور یہ ملاقات پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں براک ڈینیز نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس ایوارڈ سیریمنی کی چند تصاویر جاری کرتے ہوئے اسے زندگی کا بے حد خوبصورت تجربہ قرار دیا۔
مذکورہ پوسٹ کے کیپشن میں ڈیفا ایوارڈز کیلئے انہوں نے لکھا کہ ' شکریہ اس بہترین رات کیلئے اور بے انتہا خاص یادگار لمحات کیلئے'۔
اس موقع پر براک ڈینیز نے سفید شرٹ، کریمی کوٹ اور سیاہ پینٹ پہن رکھی ہے جبکہ کالر پر لگی سیاہ 'بو' ان کے لُک کو مزید دلکش بنارہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین علی ظفر اور براک ڈینیز کی اس ملاقات اور اس کی تصویر کے سبب بے حد خوش ہیں اور اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس تصویر کو شیئر کرتے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس تقریبِ خاص میں فنکاروں کی کامیابیوں ،انکی جدوجہد اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اعزاز ہوئے اس سال پاکستانی فنکاروں میں گلوکار علی ظفر نے بہترین پاکستانی گلوکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
صرف یہی نہیں اس تقریب کے دوران علی ظفر جو اپنی اہلیہ عائشہ فضلی کے ہمراہ شامل ہوئے انکے علاوہ بھارتی، امریکی، لبنانی، برطانوی اور دیگر ممالک کے فنکاروں کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔