(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا ہے کہ پتہ نہیں میں، خواجہ آصف، احسن اقبال کیوں جیل گئے، کوشش کی گئی مجھے سزائے موت ہوجائے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ آپ لوگوں نے جیل نہیں دیکھی، میں نے دو بار جیل دیکھی ہے،سمجھ نہیں سکا کہ کیوں جیل دیکھنا پڑی۔ان کاکہناتھا کہ صبح وزیراعظم تھا شام کو ہائی جیکر بنادیا گیا، پتہ نہیں میں، خواجہ آصف، احسن اقبال کیوں جیل گئے،مریم نوازسرکاری عہدہ نہ رکھنے کے باوجود جیل گئیں،کوشش کی گئی مجھے سزائے موت ہوجائے، ہمارے بہت سے لوگ بغیروجہ جیل میں ڈالے گئے۔
قائد ن لیگ نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی بہت پریشان ہے،آج 50 ہزار ماہانہ کمانے والے کا بھی گزارہ نہیں ہوسکتا،ہمیں گرا کر جسے لایاگیا وہ خود نہیں آیا ، اسے لایا گیا ،جہاں ٹانگیں کھینچی جائیں وہاں ملک آگے کیسے بڑھ سکتا ہے ،آج کے دور میں چار بچے ہوں اور کرائے کا مکان ہو تو ایک لاکھ ماہانہ کمانے والے کا بھی گزارہ نہیں ہے ۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ دھرنوں کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچا، گالم گلوچ کے کلچر نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا، ہنستا بستا پاکستان بعض اور حسد نکالنے والوں کے حوالے کیا گیا،ہمیں فارغ کرکے ایسابندہ لایا گیا جس نے بٹھہ بٹھا دیا،آرٹی ایس بٹھانے کے باوجود 2018 میں ہم جیت چکے تھے، ہمیں 2018 میں حکومت سے محروم کردیا گیا۔ان کاکہناتھا کہ ہماری خارجہ پالیسی بھی کامیاب تھی ،ہمارے دور میں دو مرتبہ بھارتی وزیراعظم پاکستان آئے، کیا کبھی کسی اور کے دورے حکومت میں بھارتی وزیراعظم پاکستان آیا ۔
نوازشریف نے کہاکہ 2014 کے دھرنے میں کہا گیا تھا کہ میرے گلے میں رسہ ڈال کر پی ایم ہاؤس سے نکلیں گے ، 2018 میں ہمیں حکومت بنانے سے محروم کیا گیا،ان کاکہناتھا کہ اپنے دور میں ملک میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، آج کوئی دشمن میلی آنکھ سے ہماری طرف نہیں دیکھ سکتا، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں سٹاک ایکس چینج اور زرمبادلہ ریکارڈ سطح پر تھے، ورلڈ بینک سمیت عالمی ادارے ہماری پالیسیوں کی تعریف کر رہے تھے،ان کاکہناتھا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو ملک ترقی کرے گا، ہماری معاشی پالیسی ہی نہیں، خارجہ پالیسی بھی کامیاب رہی۔
یہ بھی پڑھیں: سالگرہ کیوں نہیں منائی، ناراض بیوی نے مکے سے شوہر مار دیا