قندیل بلوچ کی زندگی پر فلم "وکھری" نے بڑا ایوارڈ جیت لیا
فلم نے نئی دہلی میں ہونےوالے ییلو اسٹون انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ نام کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم "وکھری" نے نئی دہلی میں منعقد ہونےوالے پانچویں ییلو اسٹون انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ جیت لیا۔
فلم کی ہدایت کارہ ارم پروین بلال نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا: "ییلو اسٹون انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ججز اور منتظمین کا شکریہ،"وکھری"اپنی بہترین چمک ناظرین کے ساتھ حاصل کرتی ہے،میری ٹیم، کاسٹ اور عملے کے تمام افراد کا شکریہ جنہوں نے میرے وژن کو حقیقت میں ڈھالا۔"
فیسٹیول کے بانی اور ڈائریکٹر توشار تیاگی نے بھی فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا"ہم پاکستانی فلم "وکھری" کی اسکریننگ کے لیے بے حد پرجوش تھے جو ہمارے فیسٹیول کی اختتامی رات کی خاص پیش کش تھی،یہ فلم اس سے پہلے کلیولینڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی جا چکی ہے۔"
فلم "وکھری" کی کہانی ایک ایسی استاد کے گردگھومتی ہے جو سوشل میڈیا پر انفلوئنسر بننے کے بعد کئی چیلنجز کا سامنا کرتی ہے،یہ کہانی مرحومہ سوشل میڈیا انفلوئنسر قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہو کر تخلیق کی گئی ہے۔
ہدایت کارہ ارم پروین بلال کے مطابق فلم نہ صرف سوشل میڈیا کی حقیقتوں کو نمایاں کرتی ہے بلکہ یہ بھی دکھاتی ہے کہ کس طرح سوشل میڈیا کے بے چہرہ تبصرے اور کلکس اجتماعی غصے کو طاقت بخشتے ہیں اور ہمدردی کو ختم کرتے ہیں۔
فلم میں اداکارہ فریال محمود نے مرکزی کرداراداکیاہے۔