(24 نیوز) گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں حب الوطن لوگ موجود ہیں جبکہ حکومت سے اتحاد ہماری مجبوری ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو گورنر ہاؤس آنا چاہیے تھا تاہم پنجاب کی روایت برقرار رکھتے ہوئے میں خود مریم نواز سے ملنے گیا۔ میں نے کبھی نہیں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی استحکام اور وعدوں کی پاسداری چاہتی ہے۔ ہم اتحادی ہیں اور مل کر چل رہے ہیں تاہم ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے۔ ہم نے ہر معاملے میں وفاق کی معاونت کی۔ حکومت سے اتحاد ہماری مجبوری ہے۔ اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی۔ ہم نے ووٹ نہیں بلکہ ملک کو مقدم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ن لیگ سے آخرتک اتحاد رہے گاکیونکہ پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی مجبوری پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو پیپلزپارٹی اور ن لیگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اچھا کام کر رہی ہیں۔ اور مریم نواز نے بہترین منصوبے شروع کیے ہیں۔ جبکہ مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ ناکامی پاکستان کی ناکامی ہو گی۔ ہم کبھی نہیں چاہتے کہ مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ کارکردگی نہ دکھائیں۔