(رمشاء مقصود) منہ کی بدبو، جسے "ہیلٹوسیس" بھی کہا جاتا ہے، ایک عام مسئلہ ہے جو لوگوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر پریشان کر سکتا ہے،یہ نہ صرف جسمانی صحت کے مسائل کا اشارہ ہو سکتی ہے بلکہ معاشرتی سطح پر بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے، کیونکہ بدبو کا سامنا کرنے والے افراد کو خود اعتمادی کی کمی اور غیر آرام دہ صورتحال کا سامنا ہوتا ہے۔ اس مسئلے کی مختلف وجوہات ہیں، اور ان کا علاج ممکن ہے اگر اس پر دھیان دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق 24 نیوزکے مارننگ شو "مارننگ ود فضا"میں ڈینٹسٹ ڈاکٹر نے شرکت کی، جہاں انہوں نے منہ کی بدبو (ہیلائٹوسس) کے اسباب اور ان کے علاج کے بارے میں گفتگو کی،انہوں نے منہ کی بدبو کے اہم اسباب، علاج کے طریقے اور صحت مند عادات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔
منہ کی بدبو کی وجوہات:
انہوں نے کہا کہ منہ کی بدبو کے چند اہم اسباب میں سب سے پہلے دانتوں میں پلاک اور کیلکولس کا جمع ہونا شامل ہے، جسے عام زبان میں "مکھی کھورا" کہا جاتا ہے۔ کھانے کے بعد دانتوں میں کچھ کھانے کے ذرات پھنس جاتے ہیں، اور اس سے بیکٹیریا کی نشوونما ہوتی ہے جو بدبو پیدا کرتا ہے۔
دوسرے اسباب میں تمباکو نوشی اور شراب نوشی شامل ہیں، جو منہ میں خشکی پیدا کرتے ہیں اور صفائی کے عمل کو متاثر کرتے ہیں۔
منہ کی بدبو کا علاج:
انہوں نے بتایا کہ منہ کی بدبو کا علاج کرنے کے لیے برشنگ، ٹنگ اسکریپر (زبان کی صفائی کے لیے خصوصی آلہ) اور فلاسنگ جیسے طریقے اہم ہیں۔ دانتوں کے درمیان کے حصوں میں پھنسے ہوئے کھانے کے ذرات کو صاف کرنے کے لیے فلاس کا استعمال بہت ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق زبان کی صفائی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی دانتوں کی صفائی، کیونکہ زبان پر بھی پلاک جمع ہو سکتا ہے جو بدبو کا باعث بنتا ہے۔
دانتوں کی صفائی کے علاوہ دیگر وجوہات:
ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ جب دانتوں کی صفائی کے باوجود منہ کی بدبو برقرار رہے، تو اس کا تعلق پیٹ کی خرابی سے ہو سکتا ہے، تاہم یہ اسباب اتنے عام نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ، وہ ہربل ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے کی سفارش کرتے ہیں، کیونکہ یہ قدرتی اجزاء پر مبنی ہوتے ہیں اور اکثر حالات میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ جبکہ میڈیکیٹڈ ٹوتھ پیسٹ صرف ڈاکٹر کی تجویز پر استعمال کرنے چاہیے۔
ماہرین نے یہ بھی کہا کہ منہ کی بدبو سے بچنے کے لیے صحیح طریقے سے برش کرنا، زبان کی صفائی اور صحت مند عادات اپنانا ضروری ہے تاکہ آپ کی شخصیت اور آپ کے تاثرات بہتر رہیں۔