(24 نیوز)عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا ہے جام کمال کے مشکور ہیں کہ انہوں نے استعفی دے کر پارٹی کو بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبدالرحمان کھیتران نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جام کمال اب بھی ہمارے بڑے ہیں ہم ان سے مشاورت جاری رکھیں گے۔
سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ ہم ایک نئی طرز کی حکومت قائم کریں گے جس کا مظاہرہ جلد ہوگا ، اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے ،اسمبلی میں نیا اسپیکر بنایا جائے گا جو بہت تجربہ کار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں نیا وزیراعلیٰ ایسا لائیں گے جو عوام کی دسترس میں ہوگا، ہم نے ایک کمیٹی بنادی ہے جو اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں اور اراکین اسمبلی سے رابطہ کرے گی، ہم تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، اپوزیشن ہمارے ساتھ ہوگی۔ پیر کو اسمبلی کا اجلاس ہوگا جس میں عدم اعتماد کی تحریک کو نمٹا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی غرور خاک میں مل گیا۔۔۔پاکستان نے تاریخ رقم کردی