مرحوم صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی کینیا سے قطر پہنچا دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) مرحوم صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی کینیا سے پاکستان کے لئے روانہ کر دیا گیا۔ ارشد شریف کا جسد خاکی نیروبی سے فلائٹ کیو آر 1342 کے ذریعے قطر پہنچ گیا ہے۔
قطر سے فلائٹ کیو آر 0632 کے ذریعہ جسد خاکی آج رات 1 بجکر 5 منٹ پر اسلام آباد پہنچے گا۔ پاکستان ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نیروبی ائیرپورٹ پر تمام انتظامات کی نگرانی کر رہی تھیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے ٹیلی فونک رابطے سے میت کی پاکستان روانگی سے متعلق قانونی امور تیزی سے مکمل کیے گئے۔ وزیراعظم نے ارشد شریف کے قتل کی شفاف اورمنصفانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
نیروبی پولیس نے پاکستانی صحافی کے قتل کی سنگین غلطی کا اعتراف کر کے تحقیقاتی ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں۔ زیر حراست پولیس اہلکاروں سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ کینیا کے مقامی صحافی نے ارشد شریف کی گاڑی کی ویڈیو بھی پوسٹ کر دی۔ گاڑی پر بے رحم گولیوں کے نشانات واضح ہیں۔
کینیا پولیس نے ایک شہری کی جانب سے گاڑی چور اور بچے کے اغوا کی کال پر کارروائی کے دوران ارشد شریف کو غلطی سے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا۔ افسوس ناک واقعہ میں ارشد شریف سر پر گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ان کے ساتھ گاڑی میں موجود خرم نامی دوسرا شخص محفوظ رہا۔ ارشد شریف کے اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی تدفین جمعرات کو ایچ الیون قبرستان اسلام آباد میں کی جائے گی۔