ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد

Oct 25, 2022 | 10:37:AM

(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ارشد شریف کے قتل کی وجوہات جاننے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار بیرسٹر شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ ان کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے ؟ انہیں کوئی معاونت چاہئے ؟ جس پر بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ ارشد شریف کی ڈیڈ باڈی آج رات 1 بجے پہنچ جائے گی، دونوں وزارتوں نے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا، استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، حکومت نے یو اے ای حکومت سے ارشد شریف کی واپسی کا کہا تھا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آج صرف اسی کیس کی سماعت کیلئے آیا ہوں، یہ ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، دو الگ الگ ملک ہیں، ہمیں حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے، جو نمائندہ تنظیمیں ہیں وہ حکومت سے معاملے کو اٹھائیں گی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ افسوسناک ہے کہ یہاں صحافی اٹھائے بھی گئے، ان کے ساتھ بہت کچھ ہوا، صحافیوں سے متعلق کیسز اس عدالت میں زیر سماعت رہے، یہ بہت بڑا مسئلہ ہے حکومت کو اس کو دیکھنا چاہیے، حکومت بہتر طور پر اس کیس کو دیکھنے کی پوزیشن میں ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں