(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں ناقص پرفارمنس نے ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ کو گھر جانے پر مجبور کر دیا۔
کیریبین میڈیا رپورٹس کے مطابق فل سمنز 30 نومبر سے شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد ٹیم سے الگ ہوجائیں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے فل سمنز کے مستعفی ہونے کے اعلان کی تصدیق کر دی ہے۔
دوسری جانب فل سمنز کا کہنا ہےکہ ہیڈکوچ کی جاب سے کنارہ کشی کا فیصلہ سوچ سمجھ کیا ہے، اس فیصلے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر زیادہ بہتر فوکس کرسکوں گا۔
فل سمنز اس سے قبل بھی دو بار ٹیم کے ساتھ ہیڈکوچ کے فرائض نبھائے ہیں، ان کی کوچنگ میں ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارمنس کچھ بہتر رہی تاہم ٹی 20 میچز میں رزلٹ توقعات کے مطابق نہیں آسکے۔
واضح رہے کہ دو بار کی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ چیمپئین ویسٹ انڈیز رواں سال گروپ راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی تھی، جس کے بعد کوچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔