(24 نیوز)پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ قابض فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کارروائیاں وسیع اور زیادہ خطرناک تنازع کی صورت اختیار کر سکتی ہیں۔چین نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی قوانین کی پیروی کرے، جنگ میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
سلامتی کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، پاکستان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نےخبردار کیا کہ اسرائیلی کارروائی وسیع اور زیادہ خطرناک تنازع کی صورت اختیار کر سکتی ہے، صورتحال کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جو اس تنازع کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔
اردن کی ملکہ رانیہ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل کے شریک جرم ہیں۔حماس کو ختم بھی کر دیا گیا تو قابض اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی مزاحمت جاری رہے گی۔
ضرورپڑھیں:اسرائیل نے غزہ کو بارود کا ڈھیر بنادیا،مزید 56 فلسطینی بچے شہید
دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی قوانین کی پیروی کرے، جنگ میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے، غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف چین نے ایک بار پھر آواز اٹھا دی، چینی وزیرخارجہ نے اسرائیلی ہم منصب کو فون کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو انسانی ہمدردی کے عالمی اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ چین نے مفاہمت کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل سے غزہ کے شہریوں اور اداروں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی فورسز کی بمباری میں اب تک 8 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں میں 2300 سے زائد بچے اور 1100 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔