چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی

Oct 25, 2023 | 13:01:PM

 (24 نیوز) جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آج ریگولر کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کردی،کاز لسٹ منسوخ ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر کیسز کی سماعت آج نہیں ہو گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا، درخواست میں سپرٹینڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 اگست کو توشہ خانہ کے کیس میں حقائق کے برعکس سزا ہوئی، سزا کے فوری بعد پولیس نے گرفتار کر لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ضمانتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سننے کا حکم دے، انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو ایک اور بڑا دھچکا،اہم رہنما نے راہیں جدا کر لیں
 دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آبادمیں جوڈیشل کمپلیکس حملہ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی،مرادسعید، عمر ایوب خان، علی امین گنڈاپور سمیت10 پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔

دائمی وارنٹ گرفتاری جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جاری کئے،طلبی کے باوجود عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔

مزیدخبریں