الٹی میٹم صرف افغانیوں کیلئے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کیلئے ہے: سرفراز بگٹی

Oct 25, 2023 | 16:32:PM

(24نیوز)نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہاکہ  حکومت کا الٹی میٹم صرف افغان باشندوں کیلئے نہیں بلکہ تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کیلئے ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سرفراز  بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر قانونی مقیم افراد سے متعلق بات کی تھی لیکن اس کا غلط پیغام چلا گیا، ہم نے غیر قانونی طور پرپاکستان میں  موجود افراد کو نکالنے کی بات کی لیکن ایسا  پیغام گیا کہ شاید صرف افغان شہریوں کو نکال رہے ہیں، حکومت کا پیغام صرف افغان شہریوں کیلئے نہیں، تمام غیرقانونی مقیم افراد کیلئے ہے، کسی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیرقانونی طور پر آ کر بیٹھ جائے۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس ریفیوجی کارڈ ہے یا  ویزا ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے، حکومت ایران سے آنے والے بلوچوں کو  بھی نکال رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ  تاثر دیا جا رہا ہےکہ یہ نسلی معاملہ ہے لیکن یہ نسلی معاملہ نہیں ہے، ہم تمام غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو نکالنے کی بات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کیلئے 31 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

مزیدخبریں