ماہرہ خان کاطاقت کے باوجود فلسطینیوں کیلئے کچھ نہ کرنے والوں کیلئے اہم پیغام جاری

Oct 25, 2023 | 19:25:PM

(ویب ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے طاقت کے باوجود فلسطینیوں کیلئے آواز نہ اٹھانے والوں کیلیے پیغام جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہی کے مناظر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کیے اور ان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے  اس سے قبل بھی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کر چکی ہیں۔دردناک مناظر شیئر کرتے ہوئےاداکارہ  نے لکھا کہ یہ فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے،یہ معصوم عورتوں، بچوں اور مردوں کا قتلِ عام ہے, انہوں نے لکھا کہ "تاریخ ان لوگوں کو یاد رکھے گی جن کے پاس طاقت تھی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، تاریخ ان لوگوں کو بھی یاد رکھے گی جو اس تنازع کو حل کر سکتے تھے، لیکن اب ان کے ہاتھوں پر ہمیشہ خون رہے گا۔"

  

ماہرہ خان نے چند روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اسرائیل کا نام لیے بغیر بیان جاری کیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔اداکارہ نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ" میں اُن لوگوں کیلئے دعائیں کر رہی ہوں جو متاثرین ہیں، جنہوں نے اپنے بچوں اور پورے خاندان کو کھو دیا، جن کے پاس گھر نہیں اور جو ہر لمحہ تکلیف میں گزار رہے ہیں,خاص طور پر اُن کیلیے دعاگو ہوں جو ان کی تکلیف سے لاعلم اور غلط معلومات کا شکار ہیں۔ قدرت ہم سب پر مہربان ہو۔"

ماہرہ خان کے مذکورہ ٹوئٹ کے جواب میں ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ آپ کس کیلئے دعائیں کر رہی ہیں؟ دوسرے نے لکھا کہ آپ اسرائیل لکھنا بھول گئیں۔اسی طرح ایک ایکس صارف نے لکھا تھا کہ"ماہرہ نے اپنے مستقبل کے ہالی وڈ معاہدوں کو خطرے میں نہ ڈالتے ہوئے اسرائیل کا نام نہیں لکھا۔ مجبوریاں ہوتی ہیں۔"

اس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ماہرہ خان نے جواب دیا کہ میں نے اس متعلق واضح طور پر آواز اٹھائی ہے، لہٰذا آپ بیٹھ جائیں اور اپنے وقت کو فلسطین کی دعاؤں کیلئے وقف کریں۔

مزیدخبریں