شالامار ہسپتال میں جدید بریسٹ کلینک کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) شالامار ہسپتال میں جدید بریسٹ کلینک کا افتتاح کردیا گیا جو جان ہاپکنز انٹرنیشنل کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں لاہور میں امریکی قونصل جنرل محترمہ کرسٹن ہاکنز نے خصوصی شرکت کی۔
ون سٹاپ بریسٹ کلینک خواتین کے صحت مرکز کا نمایاں حصہ ہے جو خواتین کو چھاتی کے کینسر سے متعلق تمام مسائل کا مکمل حل فراہم کرے گا۔ اس سنٹر میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کی جدید سہولیات دستیاب ہیں اور اس کے ساتھ مرض کا مکمل علاج بھی فراہم کیا جائے گا۔
ہسپتال انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اکتوبر دنیا بھر میں بریسٹ کینسر سے آگاہی کے مہینہ کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس سنٹر کا اس مہینے کے آغاز پر افتتاح شالامار ہسپتال کے کینسر کے علاج سے متعلق عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
تقریب کے دوران امریکی قونصل جنرل ہاکنز کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے ڈاکٹرز خواتین کی صحت اور دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ایک دوسرے سے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے تعاون کر رہے ہیں۔
انہوں نے کینسر کے بہتر علاج کیلئے اس کی جلد تشخیص پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر بزنس مین ہسپتال ٹرسٹ کے چیئرمین شاہد حسین نے بھی خطاب کیا اور شالامار ہسپتال میں خواتین کی صحت مرکز کی تعمیر کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سنٹر کا مقصد لوگوں کی معاشی حیثیت کو نظرانداز کرتے ہوئے بلاامتیاز تمام افراد کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔