جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک سال میں وہ کچھ کرگئے جو دیگر ججز نہ کرسکے
قاضی فائز عیسیٰ تحریک پاکستان کے متحرک کارکن اور قائد اعظم کے دوست قاضی محمد عیسیٰ کے فرزند ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایک سال میں وہ کچھ کرگئے جو دیگر ججز نہ کرسکے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نظامِ عدل کے سب سے بڑے ادارے کے سربراہ کا عہدہ 17 ستمبر 2023ء کو اس وقت سنبھالا جب سپریم کورٹ ہم خیال اور اختلاف رکھنے والے ججز کے دو مختلف دھڑوں میں تقسیم تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تعیناتی کے وقت اُمید کی جا رہی تھی کہ ان کے آنے کے بعد صورت حال بدل جائے گی اور یہ کوشش بھی کی گئی لیکن کچھ وقت میں ہی صورت حال یکسر تبدیل ہوگئی۔ پرانے دوست مخالف بن گئے۔ آج جب قاضی فائز عیسیٰ سبکدوش ہو رہے ہیں تو ایک بار پھر سپریم کورٹ میں ایسا گروپ موجود ہے جو جسٹس قاضی کا مخالف گروپ سمجھا جاتا ہے۔
ایک سال، ایک ماہ اور آٹھ دن تک منصفِ اعلیٰ کی ذمہ داریاں انجام دینے والے قاضی فائز عیسیٰ تحریک پاکستان کے متحرک کارکن اور بانی پاکستان کے قریبی دوست قاضی محمد عیسیٰ کے فرزند ہیں۔ قاضی محمد عیسیٰ کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے مسلم لیگ بلوچستان چیپٹر کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ وہ جناح صاحب کے وفادار ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس ہائیکورٹ نامزدگی، تقرری، سپریم کورٹ میں ترقی، ان کے فیصلے، اختلافی نوٹس، ان کی کمیشن رپورٹس، خطوط، آبزرویشنز، ان کے خلاف شکایات، ریفرنسز، خبریں، رپورٹس، ساتھی ججز اور سابق چیف جسٹسز کا ان کے ساتھ رویہ، یہ سب اپنے آپ میں اتنی لمبی داستان ہیں کہ جنہیں ایک مضمون میں سمویا نہیں جا سکتا۔ لیکن اس کے باوجود ہم کوشش کریں گے کہ عدالت عالیہ سے عدالت عظمیٰ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شخصیت سے وابستہ اہم واقعات، ان کے اہم فیصلے اور ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اہم اور بےباک اقدامات کا جائزہ لیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ابتدائی تعلیم کراچی اور وکالت کی ڈگری لندن سے حاصل کی اور وکالت کا آغاز بلوچستان سے کیا۔ 1985ء میں وہ جنرل ضیاالحق کی آمریت کے دور میں بلوچستان ہائیکورٹ میں وکیل کے طور پر انرول ہوئے، 1998ء میں وہ سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔
وکیل سے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بننے کا سفر بھی دلچسپ رہا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی انٹری ایک بحران کی صورت حال میں ہوئی اور اس تقرری کا فیصلہ ان کی ریٹائرمنٹ تک ان کا پیچھا کرتا رہا۔ وہ ایک اچھے اور غیر سیاسی وکیل کے طور پر کام کررہے تھے لیکن اچانک ان کا تقرر بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہوگیا۔ اس تقرری کی بھی ایک داستان ہے جو ان کی بطور چیف جسٹس تقرری کے وقت ہم آپ کو تفصیل سے سنا چکے ہیں۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جہاں انتظامی اقدامات لے کر تربت اور سبی میں ہائیکورٹس بینچز کو فعال کیا وہاں کئی آئینی درخواستوں پر اہم فیصلے دیئے۔
جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف اکبر بگٹی کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کوئٹہ میں زیرِ سماعت تھا۔ پرویز مشرف نے بلوچستان ہائیکورٹ میں مقدمے کی اسلام آباد عدالت منتقلی کی درخواست کی لیکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو بھی زیرِ سماعت مقدمہ کسی اور صوبے میں منتقل کرنے کا اختیار نہیں،اس فیصلے میں انہوں نے لکھا کہ پرویز مشرف پر راولپنڈی میں بھی حملہ ہو چکا ہے اس لیے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ یہاں بھی ملزم کو تحفظ فراہم کرے۔
اسی طرح 2011ء میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مستونگ ضلع میں 26 بس مسافروں کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر بطور چیف جسٹس ہائیکورٹ رجسٹرار کے ایک نوٹ پر ازخود نوٹس لے کر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو واقعے کی تحقیقات کے ساتھ رپورٹس پیش کرنے کی ہدایات دیں۔ اس آرڈر میں جسٹس قاضی فائز نے قرار دیا کہ ہائیکورٹس کے پاس ازخود نوٹس لینے کا اختیار موجود ہے لیکن پھر بعد میں سپریم کورٹ میں انہوں نے ازخود نوٹس پر اپنی پوزیشن تبدیل کرلی تھی۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے ایک فیصلے میں کالعدم اور انتہاپسند تنظیموں کے بیانات شائع اور نشر کرنے پر پابندی لگائی وہ فیصلہ بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا تھا۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہتے ہوئے انہیں مشہور میمو گیٹ اسکینڈل کے عدالتی کمیشن کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا جس میں ان کا کردار اہم رہا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 5 ستمبر 2014ء کو سپریم کورٹ میں جج مقرر ہوئے۔ جج مقرر ہونےسے لے کر چیف جسٹس بننے تک بطور جونیئر جج کافی عرصہ سائیڈ لائن رہے۔ اگر کسی بینچ کا حصہ بنے تو ان کے پاس روسٹرم پر کھڑے وکلا سے پوچھنے کے لیے سوالات کا انبار ہوتا۔ میں نے کئی سینئر ججز کو ان کے سوالات پر بےچین ہوتے ہوئے دیکھا۔ جسٹس ناصرالملک کو اچھے جج اور چیف جسٹس کے طور پر یاد کیا جاتا ہے لیکن فوجی عدالتوں کےخلاف درخواستوں پر آخری کرسیوں پر براجمان قاضی فائز عیسیٰ کے سوالات اور لمبی بحث سے ان کو بھی اُکتایا ہوا محسوس کیا۔
بطور جج سپریم کورٹ جسٹس قاضی کا پہلا بڑا فیصلہ فوجی عدالتوں کے قیام کے خلاف تھا۔ فوجی عدالتوں کے خلاف درخواستوں پر تمام 17 ججز نے اپنی اپنی رائے دی اور اکثریت رکھنے والے جج فوجی عدالتوں کے حامی تھے۔ لیکن جسٹس قاضی فائز نے اپنی رائے فوجی عدالتوں کے خلاف دی۔
یہ سوال بعد میں پیدا ہوا کہ فوجی عدالتوں کے خلاف فیصلہ دینے والے قاضی نے اپنے چیف جسٹس بننے کے ایسے ہی ایک مقدمہ کے خلاف نظرثانی درخواستوں کے لیے ایک اور بینچ بنانے کی ضرورت کیوں محسوس کی جب اکثریتی فیصلہ فوجی ٹرائل کے خلاف آچکا تھا۔ یہ مقدمہ اب بھی سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے جس میں یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ 9 مئی کے ملزمان کے مقدمے فوجی عدالتوں میں چل کر حتمی نتائج تک پہنچیں گے یا نہیں۔ اس سے بڑا سوال اور بھی ہے کہ سویلینز کا فوجی ٹرائل کیسے ہو سکتا ہے؟
قاضی فائز عیسیٰ کا تحریرکردہ دوسرا اہم مقدمہ پاکستان میں تلور کے شکار کے اجازت نامے منسوخ کرنے کا تھا۔ انہوں نے بطور جج کوئٹہ سانحہ کمیشن کی سربراہی قبول کی۔ ان کا ایک اور اہم فیصلہ فیض آباد دھرنا کیس بھی ہے جو شہد کی مکھی کے چھتے میں ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ اس مقدمے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس وقت کے انتہائی طاقتور حلقوں کو ناراض کردیا تھا۔
جسٹس قاضی کے خلاف تحریک انصاف حکومت میں ریفرنس بنا۔ یہ ریفرنس اصل میں جسٹس قاضی کے متعدد فیصلوں سے ناراضی کا مظہر تھا یا پھر اسے مقتدر حلقوں کا رد عمل کہا جاتا ہے۔ بہرحال تحریک انصاف حکومت اس میں جانے انجانے میں خوب استعمال ہوئی آخرکار اس ریفرنس میں جسٹس قاضی باعزت بری ہوئے اور چیف جسٹس بننے میں آخری رکاوٹ بھی ختم ہوئی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ وہ چیف جسٹس تھے جنہوں نے عدالتی سربراہ کے ازخود نوٹس کے اختیارات تین ججز کی کمیٹی کے حوالے کردیے۔ یہ ایک جمہوری اور پارلیمنٹ کے قانون کو عزت دینے والا رویہ تھا۔ جسٹس قاضی نے چیف جسٹس بننے کے بعد پریکٹس اینڈ پروسجرل ایکٹ پر پارلیمنٹ کا اختیار تسلیم کرتے ہوئے چیف جسٹس کے لامحدود اختیارات کو محدود اور جمہوری کردیا۔
سپریم کورٹ میں بطور جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدر مملکت سے لے کر اپنے دور کے چیف جسٹسز ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد کو خط ارسال کیے۔ کسی کو سینئیر ججز کو نظرانداز کرکے جونئیرز کو سپریم کورٹ میں مقرر کرنے کے خلاف خط لکھا تو کسی چیف جسٹس کو باقی عدالتی یا انتظامی معاملات پر خط لکھے۔ان خطوط کا ان کو جواب کوئی نہیں ملا البتہ میڈیا میں ان کا چرچا رہا۔
جسٹس قاضی کے چیف جسٹس بننے سے پہلے عدالتی اصلاحات کے حوالے سے کئی امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ ان پر اپنے پیشرو ججز کی طرح اتنی توجہ نہ دے سکے۔ ان کی کوشش رہی کی تمام ججز کو ساتھ ملا کر چلیں اس لیے انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی پہلا کام فُل کورٹ اجلاس بلانے کا کیا۔ یہ اجلاس چار برس سے نہیں ہو پایا تھا جس سے ججز کی ہم آہنگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
یہ وہ وقت تھا جب سپریم کورٹ پر ایک جماعت کے ہامی ہونے کے الزامات کے ساتھ یہ بھی تنقید کی جا رہی تھی کی عدالت نے آئین سازی کا کام اپنے ہاتھوں میں لے لیا ہے۔ پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا ہے۔ ایسے کئی الزامات کے زد میں آئی سپریم کورٹ کو یکجا کرنا اور پھر زیرِالتوا مقدمات سے نمٹنا ایک چیلنج تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں بڑا عہدہ سنبھالتے ہی سب سے پہلے اس مقدمے کی سماعت کی جو قانون عدالتی اختیار سماعت اور بینچز کی تشکیل کے حوالے سے تھا۔ یہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ تھا۔
اس مقدمے میں 8 ججز پر مشتمل بینچ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے دور میں اس پر اسٹے آرڈر جاری کردیا تھا جب یہ بل کی صورت میں تھا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیارات اور پروسیجر ایکٹ کےقانون کو من و عن تسلیم کیا جس کے بعد بینچز کی تشکیل اور ازخود نوٹس کے اختیارات فرد واحد یعنی چیف جسٹس سے لے کر تین ججز کی کمیٹی کے حوالے کردیے گئے۔ اسی مقدمے کے کئی مقدمات کو ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ بھی قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا عوام کو دیکھنا چاہیے کہ عدالت میں کیا کچھ ہوتا ہے۔
بطور چیف جسٹس ان کے لاتعداد فیصلے ہیں لیکن دو بڑے اہم فیصلوں کا ذکر کرنا ضروری ہوگا۔ پرویز مشرف غداری کیس سب سے پہلا بڑا فیصلہ جنرل پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں پھانسی کی سزا دینا تھا۔ آئین کو نومبر 2007ء میں مسخ کرنے پر خصوصی عدالت نے 17 دسمبر 2019ء کو پرویز مشرف کو غداری کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا۔
جسٹس وقار سیٹھ مرحوم کی سربراہی میں تین ججز پر مشتمل خصوصی کورٹ کے دو ججز کی اکثریت سے یہ فیصلہ ہوا تھا۔ 13 جنوری 2020ء کو عمران خان کی حکومت میں لاہور ہائیکورٹ نے اس سزا کو کالعدم کرنے کے ساتھ خصوصی عدالت کو ہی بے بنیاد قرار دے دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف چار سالوں سے اپیلیں سپریم کورٹ میں زیرِالتوا رہیں لیکن سماعت کرنے کی جرات کسی چیف جسٹس کو نہیں ہوئی۔
10 جنوری 2024ء کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں لارجر بینچ نے اس اپیل کی سماعت کی اور پرویز مشرف پر غداری کے الزمات درست قرار دے کر ان کی پھانسی کی سزا کوبحال کیا۔ گو کہ پرویز مشرف اس فیصلے سے ایک برس پہلے دبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے لیکن تاریخی اعتبار سے آئین توڑنے والے کسی آمر کو پھانسی کی سزا سنانا ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یہ بینچ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تھا۔ مختصر فیصلہ بھی انہوں نے ہی سنایا لیکن اس مقدمے کا تفصیلی فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا تھا۔
ان کے دور کا دوسرا تاریخی فیصلہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کا فیصلہ ہے جو گزشتہ 14 برسوں سے سپریم کورٹ میں زیرِ التوا لیکن کوئی چیف جسٹس پر سماعت نہیں کررہا تھا۔ اس ریفرنس کی آخری سماعت 2010ء میں ہوئی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ میں 8 چیف جسٹس تبدیل ہوئے۔ عدالتی الماریوں میں بند اس ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس قاضی نے کی اور 44 سال پہلے سپریم کورٹ سے ہوئی تاریخی غلطی کو درست کیا۔ اس ریفرنس میں سپریم کورٹ نے تسلیم کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو لاہور ہائیکورٹ اور نہ ہی سپریم کورٹ میں فیئر ٹرائل کا موقع فراہم کیا گیا۔ انصاف فراہم نہ کرنا نا انصافی ہی ہوتی ہے۔
ایسے تو انتخابات مقرر وقت میں کروانے کا حکم بھی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دیا تھا جب یہ تاثر عام تھا کہ عام انتخابات وقت پر نہیں ہوں گے اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت کو برقرار رکھا جائے گا تو ان دنوں میں چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو صدر سے مشاورت کرکے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے نتیجے میں ملک میں عام انتخابات ممکن ہوسکے۔
ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مقدمے کی سماعت بھی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی تھی جس کے فیصلے کے نتیجے میں ملک کی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ کے خلاف کورٹ مارشل کا اعلان کیا گیا۔ اسی طرح اسی شخصیت سے متاثر ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو کالعدم دے کر برطرف جج کو بحال کردیا تھا چونکہ جسٹس صدیقی ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکے تھے لیکن ان کی بطور جج پینشن اور مراعات بحال کردی گئیں۔
نواز شریف، جہانگیر ترین جیسے سیاستدانوں کو ثاقب نثار کی عدالت نے تاحیات نااہل قرار دیا تھا لیکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تاحیات نااہل کرنے والا آئین سے ماورا فیصلہ ختم کردیا اور اس حوالے سے قانون کے مطابق جوڑ کر سیاستدانوں پر مستقل نااہلی کی سزا کی تلوار کو ہمیشہ کے لیے ہٹا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز نے ایجنسیز کی عدالتی امور میں مداخلت کا الزام لگا کر جوڈیشل کونسل کو ایک خط لکھ کر درخواست کی کہ سپریم کورٹ جوڈیشل کنوینشن طلب کرے۔ اس خط میں الزام لگایا گیا کہ ججز پر ان کے رشتہ داروں کے ذریعے دباؤ ڈالا جاتا ہے جوکہ یہ عدالتی امور میں بڑی مداخلت ہے۔ خط میں بتایا گیا تھا کہ ایک جج کے عزیز کو اغوا بھی کیا گیا۔ یہاں تک کہ ایک جج کے بیڈ روم میں کیمرا نصب کیا گیا تھا۔
اس طرح کا ایک الزام جسٹس شوکت عزیز صدیقی پہلے بھی عائد کرچکے ہیں بلکہ انہوں نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں جنرل فیض حمید کا نام بھی لیا تھا کہ وہ نواز شریف اور مریم نواز کے مقدمہ میں من پسند فیصلہ چاہتے تھے۔
چھ ججز کے اس خط پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مشاورت سے ازخود نوٹس لیا۔ ابتدائی سماعت کے بعد فل کورٹ اجلاس طلب کیا گیا۔ اس معاملے پر چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات ہوئی۔ حکومت نے اس معاملے پر خود انکوائری کرنے کی ہامی بھری اور کمیشن کا اعلان بھی ہوا جس کی سربراہی سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو سونپی گئی لیکن انہوں نے معذرت کرلی۔
پاکستان تحریک انصاف نے کمیشن کو مسترد کردیا۔ اس کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ نے متعدد سماعتیں کیں۔ بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ و دیگر ججز شامل تھے۔ اس مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان اور ہائیکورٹ کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا ایک سلسلہ شروع ہوا تھا جس سے یہ تاثر ملا کہ اس مقدمہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
قاضی فائز عیسیٰ اپنے دور میں وہ کچھ کرگئے جو دوسرے جج نہیں کرسکے۔ انہوں نے سرکاری پلاٹ لینے سے انکار کیا۔ پروٹوکول کو وہ کوئی اہمیت نہیں دیتے اور وہ اپنے گھر سے سپریم کورٹ تک پیدل آتے جاتے تھے۔ اپنی جائیداد سرکار کو دینے والے بھی شاید وہ پہلے جج ہیں۔ انہوں نے عدالت میں ہری کتاب ہمیشہ ساتھ رکھی اور دیگر ممالک کے حوالے دینے والے وکلا کو اکثر کہا کہ آپ اپنے آئین کو دیکھ کر اس کا حوالہ دیا کریں۔
جسٹس قاضی کو جسٹس منیر سے تشبیہ دینا افسوسناک ہے کیونکہ جسٹس منیر نے پاکستان میں مارشل لا کے بیج بوئے جو آگے چل کر تناور درخت بنا۔ جسٹس قاضی نے آئین، قانون، پارلیمنٹ اور پارلیمانی جمہوریت کا ہمیشہ دفاع کیا۔ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے دو دن پہلے بھی آخری اختلافی نوٹ میں لکھا ہے کہ 8 ججز نے 13 ججز سے الگ اپنی ایک عدالت قائم کرلی بلکہ انہوں نے آئین کو ہی بدل ڈالا۔