(اویس کیانی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دے دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے سٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، 14 برس بعد پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے، سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی، گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں، مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے، بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی، آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی.
یہ بھی پڑھیں: بجلی سستی، نیپرا نے بھی منظوری دیدی
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، اپنی عوام سے عہد کیا تھا کہ لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دونگا، ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی، آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے، پر امید ہوں کہ آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔