لکی مروت مسجد حملہ،صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت دیگر شخصیات کا اظہار افسوس

Oct 25, 2024 | 23:30:PM

 (احمد منصور)خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں مسجد میں نمازیوں پر  فتنہ الخوارج کے حملے پر صدر اور وزیر اعظم سمیت  دیگر شخصیات نے افسوس کا اظہارکیاہے اورشہید کیڈٹ عارف اللہ کو خراج تحسین پیش کیا۔  

وزیرِ اعظم شہباز شریف نےلکی مروت میں چھٹی پر آئے زیر تربیت پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹ عارف اللہ کو دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے  شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ  کیڈٹ عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرآت و بہادری کی مثال قائم کردی،پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی اور مٹی سے عہدِ وفاء کی مثال پوری دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی،دہشتگردوں کو بخوبی اندازہ ہو جانا چاہیئے کہ وہ کن آہنی اعصاب کے مالک جری جوانوں سے ٹکرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں. 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں مسجد پر حملے کی شدید مذمت کی،صدر مملکت کا حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پی ایم اے کیڈٹ عارف اللّٰہ کو خراج عقیدت پیش کی ہے،ہمارا مذہب عبادت گاہوں اور مساجد پر حملے کی اجازت نہیں دیتا،عبادت گاہوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور غیر اسلامی فعل ہے۔

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی مسجد میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے شہید ہونے والے کیڈٹ عارف اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےشہید کیڈٹ  عارف اللہ کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ 

 محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مسجد پر حملہ کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،کیڈٹ عارف اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور نمازیوں کی جانیں بچائیں،بہادر کیڈٹ عارف اللہ کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید کیڈٹ عارف اللہ کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 

  وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے بھی لکی مروت میں خوارج سے لڑتے جام شہادت نوش کرنے والے کیڈٹ کو سلام پیش کیا ہے ،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوارج نے مسجد پر حملہ کیا تو کیڈٹ عارف اللہ نے جواب دیا، تنہا کیڈٹ کا بہادری سے لڑنا ہماری فورسز کے عزم کی نشانی ہے،شہید کیڈٹ عارف اہلخانہ اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لکی مروت میں خوارج کا نماز مغرب کے دوران مسجد پر حملہ، کیڈٹ عارف شہید

مزیدخبریں