(ویب ڈیسک) نائیجیریا کے شمال مغربی ریاست زمفرا کے علاقے رووان جیما ٹاؤن کی ایک مقامی جامع مسجد پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کر کے 15 افراد کو قتل کر دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی ایک خبر کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے مسجد میں گھس کر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں مسجد میں موجود 15 نمازی جاں بحق ہو گئے اور کئی زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت پولیس کو فوری اطلاع دی گئی تاہم پولیس کی جانب سے بروقت کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: میکسیکیو سٹی میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 2 افراد ہلاک
شہریوں کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے ڈاکوؤں کو 21 ہزار ڈالر، پیٹرول اور سگریٹ دیے گئے تھے تاکہ وہ اس شہر کو بخش دیں تاہم ڈاکوؤں نے شہر کی مسجد پر حملہ کرکے بے گناہ افراد کو قتل کیا اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران شمال مغربی نائیجیریا کے مختلف شہروں میں ڈاکو راج نے دہشت پھیلائی ہوئی ہے اور اس دوران ہزاروں شہریوں کے اغوا برائے تاوان سمیت سینکڑوں لوگوں کو قتل کر دیا گیا۔