(24 نیوز)وزیراعظم کے مشیر عطااللہ تارڑنے کہاہے کہ اسحاق ڈار واپس آ کر وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے، مفتاح اسماعیل نے بہترین پالیسیوں سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔
وزیر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہناتھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب دورے کے بعد وطن واپس لوٹ رہے ہیں، وزیراعظم نے اقوام عالم کے سامنے پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا، کشمیریوں کے ماورائے آئین قتل کو بھی اقوام عالم کے سامنے رکھا گیا ۔
وزیراعظم کے مشیر کا مزید کہناتھا کہ سیلاب کے حوالے سے بھی اقوام عالم کو آگاہ کیا گیا، عالمی ممالک کے سربراہان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا وعدہ کیا ہے، چائنہ، ترکی اور دیگر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان کی مدد کا وعدہ کیا ہے،میاں شہباز شریف کو جدید پاکستان کا معمار سمجھا جاتا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ عمران خان کی طرح میں میں کرنے کی بجائے اصل ایشوز اقوام متحدہ کے اجلاس میں سامنے رکھے گئے، اجلاس میں قرضوں کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے،ان کاکہناتھا کہ آڈیو لیکس کا معاملہ وزیراعظم کے کامیاب دورے سے توجہ ہٹانے کیلئے سازش ہے،اس سازش کو تحریک انصاف نے ڈیزائن کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں لیگی رہنما کاکہناتھا کہ مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان ہے، فرح گوگی جیسے کرداروں نے ملک کی ترقی کو ریورس گیئر لگایا، سرکاری ہیلی کاپٹر پر آنے والا عمران نیازی گجرات بھی پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر پر آتا ہے
ان کاکہناتھا کہ گجرات ڈویژن کی غیر منصفانہ حد بندی کی گئی ہے، گوجرانوالہ کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے،عطاتارڑ کا کہناتھا کہ ق لیگ اور تحریک انصاف کی زبردستی کی شادی کا مقدر طلاق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیکس کی تحقیقات شروع، چند دن میں رپورٹس آجائینگی، رانا ثنا اللہ