(24 نیوز ) بھارت نے آسٹریلیا کودوسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر 3 ایک روزہ میچز کی ہوم سیریز میں 2.0 سے برتری حاصل کر لی ہے، ایسے میں بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو کے ایک ہی اوور میں لگا تار 4 چھکوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو نے کیمرون گرین کو ایک اوور میں لگاتار چار چھکے جڑ دیئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو کو جنوبی افریقا کے بلے باز اے بی ڈی ویلیئر کی طرح 360 شاٹس لگانے کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور اپنی اس صلاحیت کا مظاہرہ انہوں نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف بہترین انداز میں کیا اور 37 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
بھارت نے آسٹریلیا کو 400 رنز کا ہدف دیا لیکن میچ بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث آسٹریلیا کو 33 اوورز میں 317 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں کینگروز 217 رنز پر ڈھیر ہوگئے،واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان سے ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون پوزیشن چھین لی، اس کے علاوہ بھارت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ رینکنگ میں بھی نمبر ون پر ہے۔