بہاولپور میں بھی انجیکشن سے بینائی ضائع ہونے کا پہلا کیس سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) پنجاب کے شہر بہاولپور اور ملتان میں بھی انجیکشن سےبینائی متاثر ہونے کے کیسز سامنےآنے شروع ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بہاولپور میں بینائی سے متاثرہ شخص نے بتایا کہ 21 ستمبر کو نجی اسپتال سے انجیکشن لگوایاتھا جس کے بعد بینائی چلی گئی۔
بہاولپور کی سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوٹرز کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا جارہا ہے، آنکھوں کے 2 نجی اسپتال میں ان انجیکشنز کا استعمال ہوا ہے جس کےبعد شہر کے تمام اسپتالوں کے اسٹاک کو چیک کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر فیصل کے مطابق انجیکشن سے مزید مریضوں کی بینائی متاثر ہونےکے کیسز سامنے آئے ہیں، ایک ہفتہ قبل نجی کلینک پر 7 مریضوں کو انجیکشن لگایا گیا، مریضوں کی بینائی کچھ حد تک متاثر ہونےکاخدشہ ہے جس کے پیش نظر مریضوں کو دوبارہ چیک اپ کے لیے بلایا ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ نجی کلینکس سے بھی انجیکشن سے متاثرہ مریضوں کاڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے، شہر میں انجیکشن کی سپلائی فوری طور پر بند کرادی گئی ہے، انجیکشن سے متاثرہ 3 مریض نشتراسپتال میں بھی زیرعلاج ہیں، متاثرہ مریضوں نے نجی آئی اسپتال سےگزشتہ جمعرات اورجمعہ کو انجیکشن لگوائے، بعض مریضوں کو انجیکشن کی دوسری اور تیسری ڈوز دی گئی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے بینائی متاثر ہونے کے اب تک 68 مریض سامنے آچکے ہیں۔
پنجاب میں انجیکشن سے بینائی متاثر ہونے کے معاملے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر کے اسپتالوں اور فارمیسیز کو متعلقہ انجیکشن استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔