گرج چمک کیساتھ بارشیں، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

Sep 25, 2024 | 09:10:AM

(24 نیوز)  پنجاب سمیت  ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ  کل سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 ستمبر سے 01 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں  کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ  27 ستمبر سے ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا  نے  صوبہ بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ، ڈی جی عرفان علی کا کہنا ہے کہ  پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے، 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔

انہوں ہدایات جاری کرتے ہوئے  کہا کہ  نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں،شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں اور  بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دی جبکہ  شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ  خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ میدانی اضلاع میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم مانسہرہ، ایبٹ آباد، دیر اور سوات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ  بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کیلئے ’ہارڈ ایریا الاؤنس‘ منظور

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام/رات کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موسم آج گرم رہے گا،صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 179 ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزیدخبریں