بلوچستان سے گرفتار خودکش بمبار خاتون نے دہشتگردوں کی حقیقت بتا دی

Sep 25, 2024 | 13:22:PM
بلوچستان سے گرفتار خودکش بمبار خاتون نے دہشتگردوں کی حقیقت بتا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بلوچستان سے گرفتار خودکش بمبار خاتون عدیلہ بلوچ نے دہشت گردوں کی حقیقت بتاتے ہوئے عوام سے دہشت گردوں کی باتوں میں نہ آنے کی اپیل کردی۔

تربت سے گرفتار خودکش بمبار خاتون عدیلہ بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ عدیلہ تربت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نرس کے شعبے سے منسلک تھی، عدیلہ کافی عرصے سے مسنگ تھی۔

عدیلہ بلوچ نے کہا کہ میں لوگوں کی جان بچانے کے شعبے سے منسلک تھی، میں نے اپنی ابتدائی تعلیم تربت سے حاصل کی، میں نے نرسنگ کا کورس کوئٹہ سے کیا ہے، مجھے کچھ لوگوں نے ورغلایا کہ میں خودکش حملے کروں۔

عدیلہ بلوچ نے بتایا کہ بلوچستان میں دہشت گرد خواتین کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں، یہ لوگ بلیک میلنگ کرکے لے جاتے ہیں، بلوچستان حکومت کی وجہ سے میں یہ گناہ کرنے سے بچ گئی، میں دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں سے بچ گئی۔

بدقسمتی سے ایسے لوگوں سے رابطہ رہا جنہوں نے مجھے خودکش بمباربنادیا،انہوں نے عوام کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ان لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئے،ان لوگوں نے مجھے اتنا بہکایا کہ خودکش حملہ کرنے کے لیے تیار ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی شکر گزار ہوں جس کی وجہ سے میں زندہ ہوں،عدیلہ بلوچ نے کہا کہ دہشتگرد ہماری مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اس موقع پر عدیلہ بلوچ کی والدہ نے کہا کہ دہشت گرد ہماری مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں، خواتین کو دہشت گرد اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، اللہ جانتا ہے کہ ہم نے کن مشکل حالات میں وقت گزارا ہے، بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بعد ایک ایک دن مصیبت میں گزارا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا افراد کیس، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

عدیلہ بلوچ کے والد نے کہا کہ میں بینک ملازم ہوں، کراچی میں نوکری کرتا ہوں، اپنی تنخواہ سے گھر کا خرچ اور بچوں کو تعلیم دلا رہا ہوں، پہاڑوں پر بیٹھے لوگوں سے کہتا ہوں آپ کیسے بلوچ ہیں، ایک بلوچ کی بیٹی کو ورغلا کر لے گئے۔

عدیلہ بلوچ کے والد نے کہا کہ میری بیٹی قابل تھی اسے میں نے پڑھایا،ہماری اچھی دنیا تھی جس میں ہم خوش تھے،انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی مصروفیات پر نظر رکھیں،کراچی میں تھا تو پتہ چلا میری بیٹی مسنگ ہوگئی ہے، بلوچستان حکومت نے بروقت کارروائی کرکے بیٹی کو بازیاب کروایا