(24نیوز)احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کیلئے آخری مہلت دیدی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا،وکلاء صفائی نے عدالت سے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل بیمار اور ڈینگی میں مبتلا ہیں، لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔
نیب وکلاء نے کہا کہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی جانب سے 4 وکلاء کے وکالت نامے موجود ہیں ، اگر عثمان گل بیمار ہیں تو ان باقی وکلا کو طلب کر کے آخری گواہ پر جرح کرائی جائے،نیب وکلاء نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے وکلاء صفائی خود آرڈر لائے کہ کارروائی کو آگے بڑھایا جائے، اب جان بوجھ کر سماعت کو التوا میں ڈال رہے ہیں۔
عدالت نے وکلاء صفائی کو ہدایت کی کہ آپ کو آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر نیب تفتیشی افسر پر جرح مکمل کریں۔
بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم حاضری پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔