پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے،عمران خان

جسٹس منصورعلی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں،نئے چیف جسٹس کااعلان فوری کیاجائے،سابق وزیراعظم

Sep 25, 2024 | 14:39:PM

(24نیوز)سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اگلے چیف جسٹس آف پاکستان کے فوری اعلان کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم جسٹس منصورعلی شاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا کہ یہ کیا کر رہے ہیں،ملک کا بیڑاغرق تو انہوں نے کر لیااب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں،یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں، ہائی کورٹ کے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

عمران خان نے مزیدکہاکہ  8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا،9 مئی واقعات میں جواب دیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے، ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، گرمیوں کا جلسہ بھی کیا کبھی 6 بجے ختم ہوتا ہے؟ ساری قوم کو پتا ہے کیا ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈز کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کیلئے آخری مہلت

بانی پی ٹی آئی کامزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے،چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ اس پرآرٹیکل 6 لگے گا اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے،پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے، اگرپی ٹی آئی کوراولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے ۔

مزیدخبریں