گورنرجومرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے: وزیر تعلیم پنجاب

تعیناتیاں آئین کے مطابق ہورہی ہیں،اعتراض ہے تو ایچ ای سی قوانین میں تبدیلی لائیں

Sep 25, 2024 | 15:00:PM

(24نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب جو مرضی کرلیں جامعات میں مستقل وائس چانسلرز تعینات ہوں گے۔ 

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ دو سال سے پنجاب کی جامعات میں مستقل وائس چانسلرز نہیں تھے، گورنرپنجاب نے 14 دن میں سمری پر دستخط کرکے بھیجنا تھا جس کا انتظار کیا اور اس کے بعد وقت پورا ہوتے ہی وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ 

 وزیرتعلیم  نے کہا کہ جوپیسے دے کر وائس چانسلر لگنا چاہتا تھا ہم نے یہ ہونے نہیں دیا، گورنرکواعتراض ہے تو ایچ ای سی قوانین میں تبدیلی لائیں۔ 

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ایسے قوانین کی ضرورت ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ وائس چانسلرز کے لیے اپلائی کرسکیں، سندھ میں وزیراعلیٰ یونیورسٹیوں کا وائس چانسلر ہوتا ہے،پنجاب میں گورنرکے پاس وائس چانسلرلگانےکا اختیار نہیں،آئین کے مطابق یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی ہو رہی ہے اور  پہلے مرحلے میں 7 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزکا نوٹیفکیشن ہوا تھا۔ 

واضح رہے کہ پنجاب کی 13 یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کے معاملے پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان اختلاف سامنے آیا تھا، ذرائع گورنرہاؤس کے مطابق گورنر پنجاب نے وی سیز کی تقرری کی سفارشات مسترد کرکے واپس بھیج دی تھیں،بعدازاں وزیراعلیٰ کی منظوری سے 13 میں سے 7 وی سیز کی تقرری گورنر کی منظوری کے بغیرکردی گئی تھی ۔ 

مزیدخبریں