(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی، بزنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا،چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو دورۂ چین کی دعوت دی، جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لی۔
مریم نواز نے چین کے لیے خصوصی چائنا اکنامک زون قائم کرنے کی پیشکش کی اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات اور آسانیاں پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے برپا کر سکتے ہیں، پنجاب میں چینی دوستوں کا خیر مقدم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کو غربت سے نجات دلانے کے لیے چینی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا بااعتماد دوست ملک ہے، تعلقات پر فخر ہے، انفرا اسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی معاونت سے ٹیکنالوجی میں جدت لانا چاہتے ہیں، ڈیری پروڈکشن کے لیے چینی مہارتوں سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ ہے، سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیر مقدم کریں گے۔
چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے پنجاب میں ہائبرڈ بیج کی کاشت 5لاکھ سے بڑھانے کی پیشکش کی، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 5لاکھ ایکڑ پر ہائبرڈ بیج کاشت کیا گیا،رقبہ مزید بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان کے ایک ہزار کاشتکاروں کو جدید فارمنگ ٹیکنیک کی ٹریننگ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے،عمران خان
جیانگ زیاڈونگ نے کہا کہ چینی ماہرین پنجاب کے کاشتکاروں کو پانی کے کفایتی استعمال کی ٹریننگ بھی دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف کا پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلی کے طور پر چین میں خیرمقدم کریں گے اور محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بلندیوں کی طرف گامزن رہے،محمد نواز شریف کی وزارت عظمی کے دور میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ ہے، سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر موجود تھے۔