وزیر اعلیٰ پنجاب کا کسان پیکیج پر عملدرآمد کا اعلان، نوجوانوں کے لئے شفاف نوکریوں کا وعدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسان پیکیج پر عملدرآمد کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ بھی کر دیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے فیصل آبادیونیورسٹی آف ایگریکلچر میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایگریکلچر گریجوایٹ انٹرن شپ پروگرام لانچ کردیا, ایک ہزار ایگریکلچر گریجوایٹس کو ماہانہ 60ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا, انہوں نے ایگریکلچر گریجوایٹس طلبا و طالبات میں اپوئنمنٹ لیٹر تقسیم کئے، انہوں نے یونیورسٹی آف ایگریکلچرکے اساتذہ اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں، وزیر اعلیٰ نے طلبہ کے پاس جا کر میرٹ پر سلیکشن کے بارے میں دریافت کیا، طلبہ نے سیلفیاں بھی بنوائیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نعت رسولؐ مقبول پیش کرنے والی طالبہ انیلہ حسین کو اپنی نشست سے اٹھ کر شاباش دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سب سے بڑے تاریخی کسان پیکیج کے نفاذ کا باضابطہ اعلان کیا, انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج کسان پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نہایت قلیل مدت میں کام شروع کر چکی ہے, اس پیکیج کے تحت کسانوں کو بلا سود قرضے اور جدید مشینری فراہم کی جائے گی اور حکومت پنجاب کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں فراہم کی ہیں اور کسی کو بھی سیاسی یا سفارش کی بنیاد پر ملازمت نہیں دی گئی, ان کی کابینہ میں 95 فیصد نوجوان شامل ہیں، جن کی محنت کے باعث پنجاب میں ترقی کے منصوبے کامیاب ہو رہے ہیں, 60 ہزار ماہانہ تنخواہ پر تقریباً ایک ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دی گئی ہیں، یہ شفافیت کی وہ مثال ہے جو ماضی میں کہیں نظر نہیں آتی, کسان کارڈ کے تحت پنجاب بھر سے لاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور اہل کسانوں کو کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ آئندہ سال حکومت 400 ارب روپے کا سب سے بڑا کسان پیکیج متعارف کرائیں گے، حکومت کسانوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ اور سستی مشینری فراہم کرے گی تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے، حکومت پنجاب میں گندم کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا رہا ہے تاکہ عوام کو سستی روٹی میسر ہو، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پچھلے 6 ماہ سے مہنگائی کا گراف نیچے جا رہا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عام آدمی پارٹی کا بڑی سیاسی پارٹی میں ضم ہونے کا اعلان
مریم نواز شریف نے اپنے مخالفین پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ سیاست میں انتشار پھیلانے کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دیں، پنجاب کی حکومت شفافیت اور میرٹ کے اصولوں پر کاربند ہے اور وہ کبھی میرٹ کی خلاف ورزی نہیں ہونے دے گی، پنجاب میں زرعی مشینری کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں کسانوں کو کرائے پر جدید مشینری فراہم کی جائے گی۔